تشریح:
فوائد و مسائل:
(1) وارثوں میں سب سے پہلے ان کو حصہ دیا جاتا ہے جن کے حصے قرآن مجید اور احادیث میں مقرر کردیے گئے ہیں۔ انہیں اصحاب الفروض کہتے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی میں، یا ان کو دے کر باقی بچنے والا مال ’’عصبہ‘‘ کو ملتا ہے، یعنی میت کے وہ رشتے دار جن کا تعلق میت سے عورت کے واسطے سے نہ ہو، مثلاً: بھائی، بھتیجا، چچا اور تایا وغیرہ۔ اگر عصبہ موجود نہ ہوں تو پھر’’اولوالارحام‘‘ وارث ہوتےہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کا میت سے تعلق عورت کے واسطے سے ہوتا ہے، مثلاً: ماموں (ماں کا بھائی)، بھانجا(بہن کا بیٹا)، نانا (ماں کا والد) اور خالہ (ماں کی بہن) وغیرہ۔
(2) عصبہ کی عدم موجودگی میں ’’اولو الارحام‘‘ جس طرح ترکے کے حق دار ہوتے ہیں اسی طرح مالی ذمے داریوں کی ادائیگی بھی ان پر لازم ہوتی ہے، چنانچہ یہ رشتے دار اس صورت میں دیت کی ادائیگی کے بھی ذمے دار ہوتے ہیں۔ وراثت سے متعلق تفصیلی احکام و مسائل کے لیے دیکھئے: ’’اسلامی قانون وراثت‘‘ از مولانا ابونعمان بشیراحمد، طبع دارالسلام لاہور۔
(3) لاوارث میت کی جائیداد بیت المال کےلیے ہوتی ہے۔ نبیﷺ اسلامی حکومت کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے اس مال کا انتظام فرماتے تھے۔ خلیفۃ المسلمین بیت المال کے ذریعے سے یہ ذمے داری پوری کرتا ہے۔