تشریح:
فوائد و مسائل:
(1) شاید آئندہ زندگی میں فائدہ ہو۔ یہ اس لیے فرمایا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ حج تمتع پسند نہیں کرتے اس لیے ابھی مناسب نہیں کہ ان کی مخالفت کی جائے کیونکہ حج قران بھی جائز ہے البتہ بعد میں آپ حج تمتع کریں اور دوسروں کو بھی مسئلہ بتائیں کہ یہ جائز ہے۔
(2) رسول اللہ ﷺ کے گھر کے افراد سے مراد ازواج مطہرات رضی اللہ عنہ ہیں۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جب ہم لوگ (مکہ ) آئے ہم نے کعبہ کا طواف کیا (اور سعی کی) تب نبی اکرم ﷺ نے حکم دیا کہ جو شخص قربانی لیکر نہیں آیا وہ احرام کھول دے۔ تو جو لوگ قربانی نہیں لائے تھے انھوں نے احرام کھول دیا۔ (صحيح البخاري، الحج، باب التمتع والقران والافراد بالحج۔۔۔۔۔، حديث:١٥٦١) حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا اور ان کے شوہر حضرت زبیر رضی اللہ عنہ نے بھی حج تمتع کیا تھا۔ (صحيح البخاري، العمرة، باب متي يحل المعتمر، حديث:٧٩٤)
(3) حج تمتع سے اجتناب کا فتوی حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا تھا۔ حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کا بھی یہی موقف تھا۔ (صحيح مسلم، الحج، باب في المتعة بالحج، حديث:١٢١٧) حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے بارے میں ایک روایت ہے کہ وہ منع کرتے تھے۔ (موطأ إمام مالك، الحج، باب القران في الحج:1/ 203) لیکن یہ حدیث ضعیف ہے۔ حج قران یا تمتع کو ناجائز نہیں سمجھتے تھے۔ بلکہ وہ کہتے تھے کہ عمرے کے لیے الگ سفر ہونا چاہیے تاکہ ایسا نہ ہوکہ سب لوگ حج کے ساتھ عمرہ کرکے چلے جائیں اور سال کے باقی حصے میں کعبہ شریف کی رونق قائم نہ رہے۔