تشریح:
(1) امام بخارى ؒ کی مراد یہ ہے کہ کفن کا انتظام و انصرام میت کے ترکے ہی سے کیا جائے، خواہ میت کا کل ترکہ اسی قدر ہو کہ جس سے کفن ہی کا بندوبست کیا جا سکے۔ اگر اس کے ترکے میں صرف ایک چادر ہو تو بھی اس سے ضرورت پوری ہو سکتی ہے، جیسا کہ مذکورہ روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت مصعب بن عمیر ؓ کے ترکے میں ایک چادر کے سوا اور کوئی چیز نہ ملی جس میں انہیں کفن دیا جا سکتا۔ حضرت حمزہ ؓ کے متعلق اس سے پہلی حدیث میں ہے کہ ان کے ترکے میں بھی صرف ایک ہی چادر دستیاب ہو سکی اور وہ چادر بھی پورے جسم کے لیے ساتر نہ تھی بلکہ اس سے اگر سر ڈھانپا جاتا تو ان کے قدم ظاہر ہو جاتے اور جب قدم ڈھانپتے تو سر ظاہر ہو جاتا۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ میت کے پورے جسم کو ڈھانپنا ضروری نہیں، کیونکہ اگر ایسا کرنا ضروری ہوتا تو رسول اللہ ﷺ دوسرے ساتھیوں سے کپڑا لے کر ان کے قدموں کو ڈھانپ دیتے، لیکن آپ نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
(2) اس حدیث سے صحابہ کرام ؓ کی دنیا سے بے رغبتی، تقویٰ شعاری اور پرہیزگاری کا پتہ چلتا ہے کہ حضرت مصعب بن عمیر اور حضرت حمزہ ؓ جب شہید ہوئے تو ان کا ترکہ کچھ بھی نہ تھا، صرف بدن کی ایک چادر تھی وہ بھی تمام جسم کو نہ ڈھانپ سکتی تھی۔ حضرت عبدالرحمٰن بن عوف ؓ بحالت روزہ تھے اور جب ان کے سامنے افطاری کے موقع پر طرح طرح کے کھانے پیش کیے گئے تو ان کے سامنے اپنے ساتھیوں کی زندگی کا نقشہ آ گیا اور اس قدر روئے کہ کھانا نہ کھا سکے اور اسے تناول کیے بغیر اٹھ کر چلے گئے۔ اس میں ان لوگوں کے لیے سامان عبرت ہے جو اپنی افطاریوں یا افطار پارٹیوں میں اسراف کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کریں۔ والله أعلم۔