تشریح:
(1) شہید کو غسل نہ دینے کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ شہید ہونا ایک عبادت ہے اور خون اس عبادت کا اثر ہے، اسے باقی رہنا چاہیے۔ حدیث میں ہے کہ اس خون سے کستوری کی خوشبو پھوٹے گی۔ حضرت جابر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے شہدائے اُحد کے متعلق فرمایا: ’’انہیں غسل نہ دو کیونکہ ان کے ہر زخم سے قیامت کے دن کستوری کی مہک آئے گی۔‘‘ (مسندأحمد299/3) (2) اس روایت کے عموم کے پیش نظر شافعیہ نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ شہید اگر اجنبی یا حائضہ عورت ہو تو اسے بھی غسل نہیں دیا جائے گا۔ بعض نے کہا ہے کہ غسل میت کی نیت کے بغیر انہیں غسل دیا جائے، جیسا کہ حضرت حنظلہ ؓ کو فرشتوں نے غسل جنابت دیا تھا۔ لیکن اگر غسل دینا واجب ہوتا تو فرشتوں کے غسل کو کافی نہ خیال کیا جاتا، بلکہ اس کے سرپرست حضرات کو غسل کے متعلق کہا جاتا۔ اس کا واضح مطلب ہے کہ جنبی شہید کو غسل دینا ضروری نہیں۔ (فتح الباري:270/3)