تشریح:
(1) حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حجۃ الوداع کے لیے روانہ ہوتے وقت رسول اللہ ﷺ نے اپنی قربانی کی اونٹنی منگوائی اور کوہان کی دائیں جانب نیزہ مارا، وہاں سے خون بہا کر اسے علامت لگا دی کہ یہ قربانی کا جانور ہے اور اس سے خون صاف کر دیا، پھر اس کے گلے میں دو جوتیوں کا ہار ڈالا۔ (صحیح مسلم، الحج، حدیث:3016(1243)) (2) بعض حضرات کا موقف ہے کہ قربانی کو ہار پہنانے کے لیے جوتے متعین نہیں ہیں کوئی بھی چیز نشانی اور علامت کے طور پر گلے میں لٹکائی جا سکتی ہے۔ (3) جوتے کے ہار میں یہ حکمت بیان کی جاتی ہے کہ عرب جوتوں کو سواری شمار کرتے تھے کیونکہ وہ پہننے والے کی حفاظت کرتے ہیں اور راستے کی گندگی اٹھا لیتے ہیں۔ کسی جانور کے گلے میں ڈالنے کا مطلب یہ ہے کہ اب یہ جانور اس کی سواری نہیں رہا بلکہ اللہ تعالیٰ کے لیے وقف ہو گیا ہے۔ اس اعتبار سے جوتوں کے ہار کو مستحب کہا جاتا ہے۔ (4) محمد بن بشار کی متابعت ہمیں نہیں مل سکی۔ (فتح الباري:693/3)