تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے قبل ازیں حضرت ابن عباس ؓ کے حوالے سے بیان کیا تھا کہ محرم آدمی پھول سونگھ سکتا ہے، آئینہ دیکھ سکتا ہے، دوا کے طور پر زیتون کا تیل اور گھی استعمال کر سکتا ہے۔ (صحیح البخاري، کتاب الحج، باب:18) (2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ احرام باندھنے والا بوقت ضرورت سینگی لگوا سکتا ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ کے سر مبارک میں تکلیف تھی اس بنا پر آپ نے سینگی لگوائی تھی۔ اگر سینگی لگوانے کے لیے سر منڈوانا پڑے تو فدیہ ضروری ہے۔ طبری نے روایت بیان کی ہے کہ اگر محرم کے سر پر زخم آ جائے تو وہ زخم کے اردگرد کے بال اتروا سکتا ہے اور اس پر دوا بھی لگائی جا سکتی ہے بشرطیکہ اس میں خوشبو نہ ہو، نیز محرم کے لیے خون نکلوانا، آپریشن کرانا، رگ کٹوانا اور دانت نکلوانا جائز ہے بشرطیکہ کسی حکم امتناعی، مثلا خوشبو لگانے وغیرہ کا مرتکب نہ ہو۔ (فتح الباري:67/4) (3) واضح رہے کہ لحی جمل مکے اور مدینے کے درمیان ایک جگہ کا نام ہے جو مدینہ طیبہ کے قریب ہے۔