تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے کتاب الشروط میں ایک عنوان ان الفاظ میں قائم کیا ہے: (باب المكاتب، وما لا يحل من الشروط التي تخالف كتاب الله) ’’ایسی شرائط جائز نہیں جو کتاب اللہ کے خلاف ہوں۔‘‘ (صحیح البخاري، الشروط، باب:17) حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں: امام بخاری ؒ نے اس عنوان سے ليس في كتاب الله کی تفسیر بیان فرمائی ہے اور حکم سے عام مراد ہے کہ وہ نص سے ثابت ہو یا اس سے استنباط کیا گیا ہو، البتہ وہ حکم ایسا نہ ہو جو کتاب اللہ کے خلاف ہو۔ (فتح الباري:433/5) (2) واضح رہے کہ امام بخاری ؒ نے حدیث بریرہ سے بے شمار مسائل کا استنباط کیا، اکثر و بیشتر مسائل حافظ ابن حجر ؒ نے بیان کیے ہیں۔ ان مسائل و اقسام کو فتح الباری میں دیکھا جا سکتا ہے۔ واللہ أعلم