تشریح:
(1) دراصل جب مہاجرین کی مدینہ طیبہ آمد ہوئی تو زمینوں کی قدروقیمت میں اضافہ ہو گیا۔ جو زمینیں آباد تھیں ان کے متعلق بٹائی کا طریقہ اختیار کیا گیا تاکہ مہاجرین دوسروں پر بوجھ نہ بنیں اور محنت کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں، اس کے علاوہ کچھ زمینیں غیر آباد تھیں جنہیں فالتو زمینیں کہا گیا ہے۔ زمیندار پانی کی قلت یا کسی اور وجہ سے انہیں آباد نہیں کر پاتا۔ یہ زمینیں قابل زراعت تو ہوتی ہیں، ایسی زمینوں کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے مشورہ دیا کہ زمینوں کو مالک خود آباد کرے یا آنے والوں کو بطور منیحہ (عطیہ) دے تاکہ وہ انہیں آباد کریں۔ منیحہ میں وہ چیز اصل مالک کو واپس کرنا ہوتی ہے۔ یہ انصاف کا تقاضا ہے کہ ایسی زمینیں مناسب موقع پر واپس کر دی جائیں جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے منیحہ کے درخت غزوۂ خیبر کے بعد واپس کر دیے تھے۔ (2) ان احادیث کے پیش نظر اشتراکیت کے حق میں یہ فتویٰ دینا محل نظر ہے کہ زمینداری نظام حرام ہے یا غیر حاضر مالک زمین کا اسلام میں کوئی وجود نہیں ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے لوگوں کو شوق دلایا کہ وہ اپنی فالتو زمینیں آباد کرنے کے لیے یہ طریقہ اختیار کریں ورنہ زمینیں اپنی کمر کے ساتھ باندھ لیں۔ واللہ أعلم