تشریح:
(1) اسلام نے ثقہ عادل گواہ کے لیے جو شرائط رکھی ہیں، ایک غیر مسلم کا ان کے معیار کے مطابق ہونا ممکن نہیں، اس لیے کسی کافر و مشرک کی گواہی قبول نہیں ہے۔ امام بخاری ؒ نے اس موقف کو ثابت کرنے کے لیے بڑے ٹھوس دلائل مہیا کیے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ کوئی حاکم وقت کسی غیر مسلم کی گواہی اس بنا پر قبول کرے کہ دوسرے قابل اعتماد ذرائع سے اس کی تصدیق ہوتی تھی جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے خود چار یہودیوں کی گواہی پر یہودی مرد عورت کو زنا کے جرم میں رجم کیا تھا، البتہ ضابطہ وہی ہے جو امام بخاری ؒ نے بیان کیا ہے کہ کفار و مشرکین کی گواہی ناقابل قبول ہے۔ (2) مذکورہ حدیث میں اہل کتاب سے سوال کرنے کی ممانعت ہے۔ چونکہ انہوں نے اللہ کی بھیجی ہوئی کتابوں کو بدلا، اس لیے ان کی خبریں قبول نہیں۔ جس کی خبر قبول نہیں تو اس سے گواہی کیسے لی جا سکتی ہے، اس لیے اہل کتاب کی گواہی غیر مقبول ہے۔ (فتح الباري:359/5)