تشریح:
1۔امام بخاری ؓنے بوقت ضرورت ریشمی لباس پہننے کے متعلق چار روایات ذکر کی ہیں جو حضرت انس ؓسے مروی ہیں ایک روایت میں جوؤں کا ذکر ہے جبکہ دوسری روایت میں خارش کا عذر بیان کیا گیا ہے۔ ان میں تطبیق کی صورت یہ ہے کہ پہلے جوئیں پڑی ہوں پھر خارش کا حملہ ہوا ہو گا۔ کہتے ہیں کہ ریشمی لباس جوئیں ماردیتا ہےاور خارش بھی ختم کردیتا ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ حضرت انس ؓنے بحالت جنگ ان دونوں بزرگوں کو ریشمی لباس میں بھی دیکھا تھا اس سے امام بخاری ؓنے اپنا قائم کردہ عنوان ثابت کیا ہے۔ 2۔اس کے علاوہ جب خارش اور جوؤں کی مجبوری کے وقت اسے استعمال کیا جا سکتا ہے تو جنگی حالات میں اس کی ممانعت کیوں؟میدان جنگ میں اس کی ضرورت اس لیے ہوتی ہے کہ اس لباس پر تلوار اور نیزے وغیرہ کا جلد اثر نہیں ہوتا بلکہ تلوار وغیر پھسل جاتی ہے۔ بعض حضرات نے یہ بھی لکھا ہے کہ اس لباس سے دشمن مرعوب ہوتا ہے اس بنا پر دوران جنگ میں اس کا زیب تن کرنا جائز ہے۔ واللہ أعلم۔