تشریح:
1۔یہ غزوہ موتہ کا واقعہ ہے جو جمادی الاولیٰ8 ہجری میں ہوا۔ اسلام پر اگر ایسا نازک وقت آجائے کہ میدان جنگ مسلمانوں کے ہاتھوں سے نکل رہا ہو اور مسلم قیادت بھی ختم ہو رہی ہو تو کوئی صاحب بصیرت اور جنگی اسرار و رموز سے واقف آدمی فوری طور پر کمان ہاتھ میں لے لے تو یہ جائز ہے جیسا کہ جنگ موتہ میں تینوں سپہ سالاروں کی شہادت کے بعد حجرت خالدبن ولید ؓنے خود بخود جھنڈا اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا جبکہ گھمسان کی جنگ جاری تھی اور مسلمانوں کا دشمن سے سخت مقابلہ جاری تھا اگر ایسے حالات میں کوئی بھی جھنڈا نہ اٹھاتا تو دشمن غالب آجاتا اور مسلمانوں کی طاقت کو ایسا ناقابل تلافی دھچکا لگتا جو کسی صورت میں اچھا نہ تھا۔ 2۔رسول اللہ ﷺ نے اس عمل کی نہ صرف تصویب فرمائی بلکہ حضرت خالد بن ولید ؓ کو اللہ تعالیٰ کی تلوار قراردیا اور صحابہ کرام ؓ کو ان کے ہاتھوں فتح کی نوید سنائی۔ اس سے اسلام کا نظام امارت مجروح نہیں ہو تا بلکہ اس کے جامع اور وسعت پذیر ہونے کی دلیل ہے کہ ایسے سنگین اور ہنگامی حالات میں ایک عمدہ اور قابل قبول حل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ واللہ أعلم۔