تشریح:
1۔ایک روایت میں ہے کہ حضرت جبرئیل ؑ سرخ گھوڑے پر سوار تھے جس کی پیشانی کے بال گندھے ہوئے تھے زرہ پہنے اور گردو غبار سے اٹے ہوئے وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی: اے اللہ کے رسول اللہ ﷺ !اللہ تعالیٰ نے مجھے آپ کے پاس بھیجا ہے اور مجھے حکم دیا ہے کہ میں آپ سے جدا نہ ہوں حتی کہ آپ راضی ہو جائیں کیا آپ خوش ہیں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’ہاں میں راضی ہوں۔‘‘ ابن اسحاق سے روایت ہے کہ بدر کے دن رسول اللہ ﷺ کو اونگھ آئی پھر بیدار ہوئے تو فرمایا:’’اے ابو بکر !تمھیں خوشبخری ہو کہ تمھارے پاس اللہ کی مدد آگئی ہے یہ جبرئیل ؑ اپنے گھوڑے کی لگام تھامے ہوئے ہیں۔‘‘ (السیرة التبوبة لابن هشام:626/1 و فتح الباري:390/7)2۔اس جنگ میں فرشتوں کے اترنے میں یہ حکمت تھی کہ مسلمانوں کے دلوں کو مضبوط کرنا مقصود تھا جیسا کہ قرآن کریم نے اس کی وضاحت کی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’فرشتوں کی شمولیت اس لیے تھی کہ تم خوش ہو جاؤ اور تمھارے دل مطمئن ہو جائیں۔‘‘ (آل عمران:126/3)ویسے تو حضرت جبرئیل ؑ اپنے پرسے مشرکین کو تہس نہیں کر سکتے تھے لیکن ایسا کرنا عام عادت کے خلاف تھا۔ واللہ اعلم۔