تشریح:
1۔ ایک روایت میں وضاحت ہے کہ حضرت ابن عمر ؓ نے جب حج و عمرہ کرنے کا ارادہ کیا تو اس وقت حجاج بن یوسف، مکہ مکرمہ کے آس پاس پڑاؤ کر چکا تھا تاکہ عبد اللہ بن زبیر ؓ سے اسے واگزار کر ایا جائے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث:1640) ایک دوسری روایت میں ہے کہ جس بیٹے نے آپ کو کہا تھا اس کا نام بھی عبد اللہ ہے۔ پھر آپ نے مقام قدید سے قربانی خریدی اور عازم مکہ ہوئے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث:1693)
2۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ قارن کے لیے ایک طواف اور ایک سعی ہی کافی ہے۔ اسے عمرہ اور حج کے لیے الگ الگ طواف اور سعی کی ضرورت نہیں، چنانچہ امام بخاری ؒ نے اس سلسلے میں ایک مستقل عنوان قائم کیا ہے۔ واللہ اعلم۔