تشریح:
1۔سائل نے حضرت براء بن عازب ؓ سے جمع کے صیغے سے سوال کیا۔ اس سے یہ وہم ہو سکتا تھا کہ بھاگنے والوں میں رسول اللہ ﷺ بھی شامل تھے، اس لیے حضرت براء بن عازب ؓ نے وضاحت فرمائی کہ رسول اللہ ﷺ نہیں بھاگے تھے۔ 2۔ایک دوسری روایت میں ہے کہ حنین کے موقع پر جب کفار نے رسول اللہﷺ کا گھیراؤ کر لیا تو آپ خچر سے اترے اور مٹی کی مٹھی لے کر ان کی طرف پھینکی تو وہ تمام شکست خوردہ ہو کر بھاگ گئے۔ (صحیح مسلم، الجهاد، حدیث 4619۔(1777)) بہر حال رسول اللہ ﷺ کے متعلق شکست خوردہ ہونے کا اعتقاد رکھنا جائز نہیں اس پر تمام اہل علم کا اتفاق ہے۔