تشریح:
1۔ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "تین علامتیں ایسی ہیں کہ جب وہ ظاہر ہوں گی تو کسی کو اس کا ایمان نفع نہ دے گا جبکہ وہ پہلے ایمان نہیں لایا ہوگا اس نے ا پنے ایمان کی حالت میں اچھے کام نہیں کیے ہوں گے۔ ان میں سےایک سورج کا مغرب سے طلوع ہونا، دوسرا دجال کا ظاہر ہونا اور تیسرا دابۃ الارض کا نکلنا ہے۔" (صحیح المسلم، الإیمان، حدیث:398(158))
2۔ ان علامات میں سے ظہور دجال اور دابة الارض کا خروج قرب قیامت کی دلیل ہے اور مغرب سے آفتاب کا نکلنا وجود قیامت کی دلیل ہوگی اور اسی وقت سے توبہ کا دروازہ بند کردیاجائے گا۔ وجود قیامت سے پہلے اللہ رب العالمین علامات قیامت ظاہر فرمائے گا جنھیں اشراط الساعة کہا جاتا ہے تاکہ بندے تائب ہوکر اللہ کی طرف رجوع کریں، پھر جب اللہ تعالیٰ قیامت برپا کرنا چاہے گا تو سب سے پہلے آفتاب مشرق کی بجائے مغرب سے طلوع ہوگا، اس سے یہ اشارہ ہوگا کہ جو قوانین قدرت دنیا کے موجودہ نظام میں کار فرما ہیں، ان کی میعاد ختم ہونے کا وقت آپہنچا ہے۔ پھر جب قرب قیامت کے تمام نشانات کا مجموعہ متحقق ہوگا تو وجود قیامت کا آغاز ہوگا، اس کے بعد ہر چیز کے مشاہدے کا آغاز ہوگا تو توبہ کا دروازہ بند کر دیا جائے گا۔ واللہ المستعان۔