تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ نے دوران عدت میں عورت کو پیغام دینے یا نہ دینے کے متعلق حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کی ایک روایت بیان کی ہے جبکہ مرفوع احادیث بھی کتب احادیث میں مروی ہیں، مثلاً: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہما، جو آخری طلاق ملنے پر عدت کے ایام گزار رہی تھیں، سے فرمایا: ’’جب تمہارے عدت کے ایام گزر جائیں تو مجھے اطلاع دینا۔‘‘(صحیح مسلم، الطلاق، حدیث: 3697 (1480)) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوران عدت میں پیغام بھیجا: ’’اپنے متعلق میرے مشورے کے بغیر جلدی میں کوئی فیصلہ نہ کرلینا۔‘‘ (سنن أبي داود، الطلاق، حدیث: 2286) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے: جو عورت بھی دوران عدت میں ہو اسے واضح طور پر پیغام نکاح دینا حرام ہے، خواہ عدت وفات میں ہو یا عدت طلاق میں۔ اور عدت طلاق خواہ رجعی ہو یا بائنہ۔ یہ حکم ہر قسم کی عورت سے متعلق ہے، البتہ اشارہ اور تعریض عدت وفات میں جائز ہے جبکہ رجعی طلاق کی عدت میں جائز نہیں۔ (فتح الباري: 224/9) مقصد یہ ہے کہ بیوہ عورت کو دوران عدت میں پیغام نکاح کا اشارہ تو دیا جا سکتا ہے مگر واضح الفاظ میں کوئی بات کرنا درست نہیں۔ عدت کے بعد وضاحت کے ساتھ گفتگو کی جا سکتی ہے جیسا کہ قرآن کریم میں اس کی اجازت موجود ہے۔