تشریح:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عدت کی وجہ سے آنکھوں کی تکلیف کے لیے سرمہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اگر عدت کا دورانیہ نہ ہو تو سرمہ استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ بہرحال اثمد سرمے کی فضیلت احادیث میں مروی ہے، چنانچہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’سوتے وقت اثمد سرمہ استعمال کیا کرو کیونکہ وہ نظر کو تیز کرتا اور پلکوں کے بال اُگاتا ہے۔‘‘ (سنن ابن ماجہ، الطب، حدیث: 3496) نیز حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تمہارا بہترین سرمہ اثمد ہے۔ وہ نظر کو تیز کرتا اور بالوں کو اُگاتا ہے۔‘‘ (سنن ابی داود، اللباس، حدیث: 4061)
(2) اثمد استعمال کرنے سے مذکورہ فوائد حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ ارشاد نبوی پر عمل کرنے کا ثواب الگ ملتا ہے۔ رات کو سوتے وقت سرمہ لگانے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ رات بھر آنکھوں میں لگا رہنے کی وجہ سے اچھی طرح اثر کرتا ہے۔ واللہ اعلم