تشریح:
(1) ان تمام احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دھاری دار سبز چادر بہت پسند تھی، چنانچہ آپ کی وفات کے بعد بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ایسی چادر کو منتخب کیا گیا۔ احادیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں آتا ہے کہ آپ نے مختلف اوقات میں مختلف رنگوں کی چادریں استعمال کی ہیں۔
(2) امام بخاری رحمہ اللہ نے ان احادیث سے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ایک بیان کی طرف اشارہ کیا ہے کہ انہوں نے ایک مرتبہ ارادہ کیا تھا کہ وہ یمنی جوڑوں کے استعمال پر پابندی لگا دیں کیونکہ انہیں پیشاب میں رنگا جاتا تھا لیکن انہیں حضرت اُبی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ آپ ایسا نہ کریں کیونکہ انہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زیب تن فرمایا اور ہم نے بھی آپ کے عہد مبارک میں انہیں پہنا ہے، لیکن یہ روایت قابل حجت نہیں کیونکہ حسن بصری کا سماع حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے ثابت نہیں ہے۔ (فتح الباري: 341/10)