تشریح:
(1) حقوق کی دو قسمیں ہیں: ٭مالی حقوق۔ ٭بدنی حقوق۔ مالی حقوق کے متعلق اجازت ہے کہ انسان انھیں حاکم وقت کے نوٹس میں لائے بغیر وصول کر سکتا ہے لیکن بدنی حقوق قصاص وغیرہ کا از خود نوٹس نہیں لینا چاہیے کیونکہ یہ حکومت کا کام ہے، البتہ شریعت نے اس قدر اجازت دی ہے کہ اگر کوئی انسان کسی کے گھر میں اجازت کے بغیر جھانکتا ہے تو اگر گھر کا مالک اس کی آنکھ پھوڑ دے تو اس پر کوئی تاوان نہیں ہوگا جیسا کہ حدیث میں ہے: ’’اگر کوئی آدمی کسی دوسرے کے گھر میں اجازت کے بغیر جھانکتا ہے اور گھر والا اس کی آنکھ پھوڑ دیتا ہے تو اس پر کوئی قصاص یا دیت نہیں ہے۔‘‘ (سنن النسائي، القسامة، حدیث:4864) اس سے زیادہ کی شرعاً اجازت نہیں۔
(2) بعض حضرات کا کہنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے یہ جائز تھا کسی امتی کے لیے ایسا کرنا درست نہیں لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے افعال واقوال ہر امتی کے لیے اس وقت تک حجت ہیں جب تک شرعی دلیل سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تخصیص ثابت نہ ہو۔ کسی شرعی دلیل سے یہ امر ثابت نہیں کہ مذکورہ کام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مخصوص ہے۔ بہرحال مالی حقوق از خود وصول کیے جا سکتے ہیں لیکن حدود و قصاص کے سلسلے میں حکومت کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔ واللہ أعلم