تشریح:
(1) حج مبرور سے مراد وہ حج ہے جس میں شہوانی باتیں، فسق اور لڑائی جھگڑا نہ ہو جیسا کہ قرآن مجید میں اس کی طرف اشارہ ہے۔ بعض نے حج مبرور کے معنیٰ مقبول حج کے کیے ہیں مگر مقبول مبرور کا معنیٰ نہیں بلکہ لازم ہے، یعنی جو حج ان مفاسد سے پاک ہوگا، وہ لازماً قبول ہوگا۔ حج مبرور کی نشانی یہ بھی ہے کہ حج کرنے والا حج کے بعد پہلے سے بہترین جائے اور کبائر کا مرتکب نہ ہو۔ بعض نے حج مبرور سے مراد وہ حج لیا ہے جس میں ریا کاری نہ ہو۔
(2) ”جنت“ یعنی وہ اولین طور پر جنت میں جائے گا۔ گویا حج سے اس کے تمام پہلے گناہ معاف ہو جائیں گے۔
(3) کفارہ“ یعنی صغائر معاف ہو جائیں گے بشرطیکہ کبائر سے اجتناب کرے۔ بعض نے صغائر وکبائر دونوں مراد لیے ہیں کیونکہ صرف صغائر تو کبائر کے اجتناب سے بھی معاف ہو جاتے ہیں اور وضو سے بھی، نماز سے بھی، پھر حج کی کیا خصوصیت ہے؟
(4) حج کی فضیلت عمرے سے زیادہ ہے۔
(5) ایک سال میں کئی عمرے کیے جا سکتے ہیں لیکن حج سال میں ایک ہی دفعہ کیا جا سکتا ہے۔