تشریح:
(۱) ’’ذوطویٰ‘‘ مکہ مکرمہ کے بالکل قریب ایک مقام ہے، بلکہ اب مکہ مکرمہ ہی میں ہے، وہاں آپ رات گزارتے۔ صبح کے بعد مکہ مکرمہ میں داخل ہوتے، مگر ایسا کرنا ضروری نہیں بلکہ یہ حالات اور زمانے کے تقاضے کے مطابق ہے۔ وقت فارغ ہے تو آپ بے شک رات وہاں ٹھہریں لیکن اگر وقت کی قلت ہے تو ٹھہرنا ضروری نہیں۔ اس سے ثواب میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
(۲) ”اس مسجد والی جگہ نہیں“ جس وقت رسول اللہﷺ نے حج اور عمرے کیے تھے، اس وقت راستے میں کوئی مسجد نہیں تھی حتیٰ کہ ذوالحلیفہ میں بھی نہیں تھی، پھر جہاں جہاں آپ نے قیام فرمایا اور نمازیں پڑھیں، لوگوں نے تبرکاً وہاں مساجد بنا لیں۔ کوئی مسجد تو عین آپ کی نماز والی جگہ بنائی گئی اور بعض مساجد قریب کی جگہ میں۔ ممکن ہے صحیح جگہ کا پتا نہ چلا ہو یا اصل جگہ مسجد بن نہ سکتی ہو، وغیرہ۔