تشریح:
فوائد ومسائل:
(1) حضرت ام ایمن کا تعلق حبشہ سے تھا۔ وہ رسول اللہ ﷺ کے والد محترم کی خدمت گار تھیں۔ رسول اللہ ﷺکے بچپن کے ایام میں آپ ﷺ کی پرورش اور نگہداشت میں ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا بھی بڑا حصہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے انھیں آزاد کرکے حضرت زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ان کا نکاح کردیا تھا۔ دیکھئے: (ریاض الصالحین کے فوائد ازحافظ صلاح الدین یوسف حدیث:361)۔
(2) نیک لوگوں کی ملاقات کےلئے جانامستحب ہے۔
(3) جن حضرات سے بزرگوں کے خوش گوار تعلقات رہے ہوں۔ اولاد اور دوسرے متعلقین کو بھی یہ تعلقات قائم رکھنے چاہیں۔
(4) رسول اللہ ﷺ کے پیاروں سے محبت رسول اللہﷺ سے محبت میں شامل ہے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین کو نبی کریمﷺ سے جو محبت تھی اس کی وجہ سے ان کے دل میں آپ کے متعلقین کی بھی محبت پائی جاتی تھی۔
(5) عرصہ دراز کے بعد بھی فوت شدہ کی یاد آنے پر رونا آ جائے تو یہ صبر کے منافی نہیں۔
(6) غم زدہ کو تسلی دینا مسنون ہے۔ حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ وحضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو تسلی دینے کےلئے فرمایا کہ جنت کی نعمتیں دنیا سے بہتر ہیں۔
(7) وحی اللہ تعالیٰ کی عظیم ترین نعمت ہے۔ جس کی وجہ سے انسانوں کو ہدایت نصیب ہوئی اور وہ جہنم کے عذابوں سے بچ کر جنت کی گوناگوں نعمتوں اور بلند درجات سے سرفراز ہوئے۔