تشریح:
فوائدومسائل:
(1) مذکورہ روایت کوہمارے فاضل محقق نےسنداً ضعیف قرار دے کرکہا ہے کہ اس حدیث کی اصل صحیح ہے نیزسنن ابوداود میں عمرو بن شعیب عن ابیہ عن جدہ سےمروی روایت کوحسن قرار دیا ہے۔ دیکھیے:(سنن ابوداؤد (اردو) طبع دارالسلام، حدیث: 3600، 3601) جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ روایت ہمارے فاضل محقق کےنزدیک قابل عمل اروقابل حجت ہے، علاوہ ازیں دیگرمحقیقین نے بھی اسے حسن قراردیا ہے، لہٰذا مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہونے کے باوجود دیگرشواہد کی بنا پرقابل عمل اورقابل حجت ہے۔ مزید تفصیل کےلیے دیکھیے::(الموسوعة الحدیثیة مسند الإمام أحمد: 11، 299، 300، والإرواء للألبانی، رقم: 2669، وسنن ابن ماجة بتحقیق الدکتور بشار عواد، حدیث: 2366)
(2) امانت میں خیانت کرنے والا قابل اعتماد نہیں ہوتا، لہٰذا عدالت میں اس کی گواہی قبول نہیں۔
(3) ’’حد‘‘بعض خاص جرائم کی سزاوں کوکہا جاتا ہے جو اللہ کی طرف سے مقرر کی گئی ہیں۔ عدالت کو ان میں کمی بیشی کا حق نہیں۔ ان کےعلاوہ دیگر سزاوں کو’’تعزیر‘‘کہتےہیں جن میں حالات کےمطابق تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
(4) جب یہ ثابت ہوجائے کہ گواہ نے جس کے خلاف گواہی دی ہے، اس سے اس کی پہلے سے ناراضی ہے توی ہ بات گواہی کومشکوک بنا دیتی ہے ممکن ہےکہ وہ پرانی دشمنی کی وجہ سےاس کے خلاف گواہی دے کراپنا بدلہ لینا چاہتا ہو۔
(5) بھائی سےمراد دینی بھائی یعنی مسلمان ہے۔ اس میں حقیقی بھائی بھی شامل ہے کیونکہ مسلمان ہونے کی صورت میں وہ بھی دینی بھائی ہے۔