تشریح:
فوائدومسائل:
(1) جہاں انسان اکیلا ہو اور رسول اللہ ﷺ کے حکم کی تعمیل کے ارادے سے اذان کہہ کر نماز پڑھے اس کا ثواب گزشتہ احادیث میں بیان ہوچکا ہے۔ ایسے موقع پر یہ خیال ہوسکتا ہے کہ اذان کی آواز بلند کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ کوئی انسان تو سننے والا موجود نہیں جو اذان سن کر نماز باجماعت میں شریک ہونے کے لیے آ جائے۔ لیکن زیر مطالعہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ایسے موقع پر بھی اذان بلند آواز سے ہی کہنا مستحب ہے۔
(2) بے جان چیزیں بھی ایک قسم کا شعور رکھتی ہیں۔ اگرچہ ہمیں اس کا احساس نہیں ہوتا۔
(3) قیامت اور آخرت کے حالات اس دنیا کے قوانین سے مختلف ہیں۔ وہاں بے جان چیزیں بھی انسان کے حق میں یا اس کے خلاف گواہی دیں گی بلکہ خود انسان کے اعضاء بھی اس کے خلاف گواہ بن جائیں گے جیسے کہ قرآن مجید میں ہے: ﴿يَوْمَ تَشْهَدُ عَلَيْهِمْ أَلْسِنَتُهُمْ وَأَيْدِيهِمْ وَأَرْجُلُهُم بِمَا كَانُوا يَعْمَلُونَ ﴾ (النور:٢٤/٢٤) جس دن ان کے خلاف ان کی زبانیں اور ان کے ہاتھ پاؤں ان کے اعما ل كي گواہی دینگے۔ اسی طرح مؤذن کے حق میں شجر وحجر گواہی دینگے۔
(4) اللہ کے ہاں مؤذن کی شان بہت بلند ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اذان نماز باجماعت کا ذریعہ ہے یعنی بڑی نیکی سے تعلق رکھنے کی وجہ سے بعض چھوٹی نیکیوں کی قدر وقیمت میں اضافہ ہوجاتا ہے، ان نیکیوں کو بھی معمولی سمجھ کر ان سے بے پروائی نہیں کرنی چاہیے۔