تشریح:
(1)اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر خریدوفروخت کرتے وقت کوئی ناجائز شرط رکھ دی جائے تو شرط باطل لیکن بیع صحیح ہے۔اس حدیث میں ایک اشکال ہے کہ حضرت عائشہ ؓ کا حضرت بریرہ ؓ کو خریدنا ، اس کے مالکوں کے لیے ولاء کی شرط کرنا،اس شرط کے باعث بیع کا فاسد ہونا،فروخت کرنے والوں کو اندھیرے میں رکھنا، ان کے لیے شرط کرنا جو ان کےلیے صحیح نہ ہو اور نہ انھیں کچھ حاصل ہی ہو،ایسے حالات میں رسول اللہ ﷺ کا اسے خریدنے کی اجازت دینا یہ تمام معاملات اشکالات کا باعث ہیں۔بعض علماء نے تو ان اشکالات کی وجہ سے اس حدیث کا انکار کردیا ہے لیکن جمہور علماء کے نزدیک یہ حدیث صحیح ہے۔ بعض حضرات نے اس شرط کرنے کی یہ تاویل کی ہے کہ ان پر شرط لگادی جائے کہ والاءتمھاری نہیں ہوگی۔ کچھ حضرات کا کہنا ہے کہ انھیں ولاء کا حکم بتادیا جائے کہ ولاء اس کی ہے جو آزاد کرنے والا ہے۔بعض حضرات اس شرط کو زجرو توبیخ پر محمول کرتے ہیں کیونکہ جب بریرہ ؓ کے مالکان نے ولاء کی شرط پر اصرار کیا اور رسول اللہ ﷺ کے حکم کی مخالفت کی تو آپ نے حضرت عائشہ ؓ سے فرمایا:’’اس شرط کی پروا نہ کرو کیونکہ یہ شرط باطل اور مردود ہے۔‘‘ ہمارا رجحان اس آخری تاویل کی طرف ہے۔ والله أعلم.