تشریح:
(1)پھلوں کی صلاحیت ظاہر ہونے اور ان کے قابل انتفاع ہونے سے پہلے خریدوفروخت کے متعلق کافی اختلاف ہے۔ اس قوتِ اختلاف کی بنا پر امام بخاری ؒ نے جزم ووثوق کے ساتھ کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ابن ابی یعلی اور امام ثوری کے نزدیک ایسا کرنا مطلق طور پر ناجائز ہے جبکہ کچھ حضرات مطلقاً اسے جائز قرار دیتے ہیں۔ احناف اسے جائز کہتے ہیں۔ ان کے نزدیک حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ پھلوں کے وجود سے پہلے خریدوفروخت کرنا ممنوع ہے۔ (2) صلاحیت ظاہر ہونے کے معنی یہ ہیں کہ پھلوں کی ترشی اور سختی جاتی رہے اور ان میں مٹھاس اور نرمی آجائے، یعنی وہ قابل انتفاع ہوجائیں۔ ثریا ستارے کے طلوع کے وقت پھل انتفاع کے قابل ہوجاتے تھے، اس لیے حضرت زید بن ثابت ؓ طلوع ثریا کے بعد اپنے پھلوں کو فروخت کرتے تھے۔ کثرت نزاع کی وجہ سے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’جب تک پھل قابل انتفاع نہ ہو اسے فروخت نہ کیا جائے تاکہ جھگڑا وغیرہ نہ ہو۔‘‘ واضح رہے کہ دمان پھلوں کی بیماری ہے جس سے پھل سیاہ ہوجاتے تھے۔ ایک روایت میں مرض کی بجائے مراض ہے۔ مراض ایک آسمانی آفت ہے جس کے آنے سے پھل تباہ ہوجاتا تھا۔ قشام بھی ایک بیماری ہے جس سے پھل زرد ہونے سے پہلے ہی گر جاتا تھا۔ جب ایسی آفتوں اور بیماریوں سے پھل محفوظ ہوجائے تو پھر اس کی خریدوفروخت کی اجازت ہے۔ (فتح الباري:499/4)