تشریح:
1۔ اس حدیث میں لفظ ﴿غَيْرُ أُولِي الضَّرَرِ﴾ فی سبیل اللہ کے بعد واقع ہوا ہے جبکہ قرآن کریم میں ﴿مِنَ الْمُؤْمِنِينَ﴾ کے بعد مذکور ہے۔ صحیح بخاری کی ایک روایت میں قرآن مجید کے مطابق آیت کریمہ کا اندراج ہے۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4594) ممکن ہے کہ مذکورہ روایات میں بطور تلاوت نہیں بلکہ تفسیرکے اعتبار سے ایسا ہو۔ واللہ اعلم۔
2۔ ان احادیث میں حضرت زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ذکر ہے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وحی لکھتے تھے جبکہ ان کے علاوہ بھی کاتبان وحی موجود تھے کیونکہ حضرت زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ تو ہجرت کے بعد حلقہ بگوش اسلام ہوئے ہیں اور وحی کا سلسلہ تو اس سے پہلے جاری تھا، بہرحال ان کےعلاوہ خلفائے راشدین رضوان اللہ عنھم اجمعین زبیر بن عوام رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حنظلہ بن ربیع رضی اللہ تعالیٰ عنہ، عبداللہ بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام کاتبان وحی میں ملتے ہیں۔(فتح الباري: 29/9)