تشریح:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی نواسی کی مزاج پرسی کے لیے تشریف لے گئے جو اس وقت حالت نزع میں تھی، جسے دیکھ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ نے خیال کیا کہ ایسے حالات میں صبر کرنا چاہیے، رونے کی کیا ضرورت ہے؟ اس کا جواب آپ نے دیا: ’’یہ اللہ کی رحمت ہے جو صبر کے منافی نہیں۔ یہ جذبہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کے دلوں میں ڈالتا ہے جو دوسروں پر رحم کرتے ہیں۔‘‘
(2) اللہ تعالیٰ کے ہاں سو رحمتیں ہیں۔ ان میں سے ایک رحمت اللہ تعالیٰ نے جِنوں، انسانوں، جانوروں اور حشرات میں رکھی ہے جس کے باعث وہ ایک دوسرے سے شفقت کرتے ہیں حتی کہ وحشی جانور بھی اپنے بچوں پر رحم کرتے ہیں۔ باقی ننانوے رحمتیں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر قیامت کے دن نازل فرمائے گا۔ واللہ أعلم