تشریح:
1۔حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی رائے یہ تھی کہ فتنے کے زمانے میں مسلمانوں کا آپس میں جنگ کرنا جائز نہیں۔ آیت کریمہ میں "فتنہ" سے مراد کفر ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جنگ کفر ختم کرنے کے لیے تھی اور اب اسلام کاغلبہ ہے، کفر مغلوب ہو چکا ہے لیکن تمہاری جنگ کفر کے خاتمے کے لیے نہیں بلکہ ملک گیری اور لوگوں میں فساد برپا کرنے کے لیے ہے۔ میرے نزدیک ایسی جنگ جائز نہیں، اس لیے اس میں اتنا حصہ نہیں لیتا۔
2۔جمہور اہل علم کا موقف ہے کہ جب ایک گروہ کے متعلق پتا چل جائے گا کہ وہ باغی ہے تو ایسے حالات میں اسے اطاعت کی طرف لانے کے لیے جنگ کرنا فتنہ نہیں جیسا کہ قرآن کریم میں ہے: ’’اور اگراہل ایمان کے دوگروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان کے درمیان صلح کرادو،پھر اگر ان میں کوئی فریق دوسرے پر زیادتی کرتا ہے تو زیادتی کرنے والے سے لڑو یہاں تک کہ وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے۔‘‘ (الحجرات 9) ایک دوسری روایت میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس دو آدمی آئے اور کہنے لگے کہ لوگوں کا قتل ہو رہا ہے اور آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی جلیل ہیں، آپ اس کے لیے کوئی اقدام کیوں نہیں کرتے جبکہ اللہ تعالیٰ نے کہا ہے: ’’تم ان سے لڑو یہاں تک کہ فتنہ نہ رہے۔‘‘ (البقرہ 193) حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا: ہم نے لڑائی کر کے فتنہ ختم کر دیا تھا اورہمارے دور میں اللہ تعالیٰ کا دین غالب ہو چکا تھا، لیکن تمہاری لڑائی کا مقصد یہ ہے کہ فتنہ مزید بھڑکے اور دین بھی اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کے لیے ہو جائے۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4513)