تشریح:
(۱) اس حدیث کی تفہیم کے لیے مطالعہ فرمائیں فوائد حدیث: ۱۹۰۱۔ مزید باتیں درج ذیل ہیں۔
(۲) ”سلول“ اس کی ماں کا نام تھا۔ وہ معروف عورت تھی، اس لیے اس کی طرف بھی منسوب ہوتا تھا۔
(۳) ”جنازہ نہ پڑھیں“ یہاں منافق سے مراد وہ ہے جو اعتقادی منافق ہو، یعنی جو دل سے ایمان نہ لایا ہو، دل میں کفر ہو۔ صرف زبان سے (دھوکا دینے کے لیے) کلمہ پڑھا ہو۔ اور اس بات کا علم اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو نہیں ہوسکتا۔ الا یہ کہ اللہ تعالیٰ وحی نازل فرمائے اور یہ صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں ممکن تھا۔ آج ہم کسی کو منافق (اس معنیٰ میں) نہیں کہہ سکتے۔ علامات نفاق پائے جانے سے کوئی آدمی اعتقادی منافق نہیں بن جاتا، عملی منافق بنتا ہے، یعنی دیکھنے میں منافقوں جیسا، حقیقت تو اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے، لہٰذا اب ہر کلمہ گو مسلمان کا جنازہ پڑھ لیا جائے گا۔ علامات نفاق تو کسی حد تک ہر ایک میں پائی جاتی ہیں۔ واللہ أعلم۔
(۴) ”تعجب ہوا“ دراصل یہ جرأت بھی انھیں اللہ تعالیٰ ہی نے بخشی تھی ورنہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اپنے طور پر چوں بھی نہ کرتے تھے۔ کئی واقعات اس پر دال ہیں۔ اور اس جرأت میں بھی اللہ تعالیٰ کی بہت سی حکمتیں پوشیدہ تھیں۔