تشریح:
فوائد و وسائل:
(1) رکوع سے اٹھ کر سیدھا کھڑا ہونا ’’قومہ‘‘ کہلاتا ہے۔ اس مقام پر پڑھی جانے والی بعض دعایئں۔ باب 18 میں بیان ہوچکی ہیں۔ دونوںسجدوں کےدرمیان بیٹھنا ’’جلسہ‘‘ کہلاتاہے۔ اس کے اذکار باب:23 میں بیان ہوں گے۔
(2) قومہ اور جلسہ نماز کا اسی طرح ضروری حصہ ہیں۔ جس طرح رکوع اور سجدہ نماز کے لئے ضروری اجزاء ہیں۔ رسول اللہ ﷺنے نماز میں غلطی کرنے والے صحابی کو اس کی غلطیوں پر متنبہ کرتے ہوئے فرمایا تھا۔ ’’۔۔۔پھر رکوع کر حتیٰ کہ اطمینان سے رکوع کرلے، پھر سراٹھا حتیٰ کہ ٹھیک کھڑا ہوجائے، پھر سجدہ کر حتیٰ کہ اطمینان سے سجدہ کرلے۔پھر سراٹھا حتیٰ کہ اطمینان سے بیٹھ جائے۔ پھر سجدہ کر حتیٰ کہ اطمینان سے سجدہ کرلے۔۔۔‘‘ (صحیح البخاري، الأذان، باب أمرالنبی ﷺ الذی لایتم رکوعه بالإعادۃ، حدیث:793)
(3) سجدوں کے درمیان بیٹھنے کا طریقہ یہ ہے کہ بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھا جائے۔ اور دایاں پاؤں کھڑا رکھا جائے۔ آخری تشہد میں بیٹھنے کا طریقہ یہ ہے بایاں پاؤں دایئں پاؤں کے نیچے سے نکال دیاجائے۔ اورزمین پر بیٹھا جائے۔ دیکھيے: (صحیح البخاري، الأذان، باب سنة الجلوس فی التشھد، حدیث:828)