تشریح:
(1) عبداللہ بن ابی منافق کے بیٹے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ انتہائی مخلص مسلمان تھے۔ ان کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آکر مندرجہ بالا گزارشات کرنا فطری چیز ہے۔ ہر بیٹا خصوصاً نیک بیٹا ماں باپ کی بھلائی چاہتا ہے۔ چونکہ عبداللہ بن ابی ظاہراً کلمہ گو تھا، اس لیے وہ سمجھتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت سے شاید اس کی مغفرت ہو جائے، بالخصوص جبکہ ابھی منافقین کی نماز جنازہ پڑھنے یا نہ پڑھنے کی بابت کوئی واضح حکم بھی نہیں آیا تھا۔ اسی طرح نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ان کے مطالبات کو تسلیم فرما لینا دراصل اس مسلمان بیٹے کی دلداری کے علاوہ آپ کی رحمۃ للعالمینی کا بھی مظہر تھا۔ اس واقعے کے بعد اللہ تعالیٰ نے ممانعت کا حکم نازل فرما دیا۔
(2) ”قمیص دے دی“ کہا گیا ہے کہ یہ قمیص دراصل اس قمیص کے بدلے کے طور پر دی تھی جو قمیص عبداللہ بن ابی نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا حضرت عباس رضی اللہ عنہ کو بدر کی جنگ کے قیدی کی حیثیت میں دی تھی۔
(3) ”روکا نہیں؟“ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے سمجھا کہ جب اس کی مغفرت ممکن نہیں تو مسلب یہی ہے کہ جنازہ نہ پڑھو مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کے انداز بیان میں امید کی کرن دیکھی کیونکہ صراحتاً حکم ممانعت نہ تھا، ہاں مشرک کے لیے استغفار سے صراحتاً روکا گیا تھا مگر عبداللہ بن ابی منافق تھا، مشرک نہ تھا، منافق کا حکم بعد میں اترا۔
(4) امام نسائی رحمہ اللہ نے اس حدیث سے استدلال فرمایا ہے کہ قمیص بھی کفن میں شامل ہوسکتی ہے۔ لیکن دیگر دلائل و احادیث کی روشنی میں یہ استدلال محل نظر ہے کیونکہ ان میں خود آپ علیہ الصلوٰۃ و السلام کے لیے تین کپڑوں کا انتخاب ہوا اور یقیناً جو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے تجویز ہوا وہی افضل ہے۔ رہی بات جواز کی تو صورتِ حال کا جائزہ لینے سے ہی معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک اتفاقی واقعہ تھا جو عام جواز کی دلیل نہیں بن سکتا، وہ اس طرح کہ حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس قمیص کا مطالبہ کیا تھا جو آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام کے وجودِ مسعود پر تھی اور خاص کر آپ کی جلد کے ساتھ لگی تھی، آپ اس کا انکار نہ فرما سکے بلکہ تالیف قلب اور حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کی حوصلہ افزائی کی خاطر آپ نے انھیں دے دی بلکہ عبداللہ بن ابی کو خود پہنا دی جیسا کہ صحیح بخاری (حدیث: ۱۲۷۰) میں ہے۔ بلکہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ اس قمیص کا بدلہ تھا جو آپ کے چچا عباس رضی اللہ عنہ کو عبداللہ بن ابی نے دی تھی جبکہ وہ جنگ بدر کے بعد قیدی بنے کیونکہ ان کی قمیص پھٹی ہوئی تھی اور عام پیمائش کی قمیص انھیں پوری نہیں آئی تھی تب انھیں وہ قمیص مرحمت کی گئی عبداللہ بن ابی قد آور انسان تھا۔ بہرحال اس حدیث سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلق عظیم کا پتا چلتا ہے کہ آپ کو اس کے منافق ہونے کا یقین تھا، نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، اسلام اور دیگر مسلمانوں کے لیے اس کی ایذا بھی ڈھکی چھپی نہیں تھی، اس کے باوجود آپ نے اسے قمیص پہنائی اور اس کا جنازہ پڑھا۔
(5) منافق پر اس کے ظاہر کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا میں اسلام والے احکام جاری ہوں گے۔
(6) آدمی زندہ ہو یا مردہ، اس کی حقیقت کے بارے میں اظہار کیا جا سکتا ہے، جیسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عبداللہ بن ابی کے منافق ہونے کا اظہار کیا ہے، یہ لا تَسبُّوا الأمواتَ (مردوں کو برا بھلا نہ کہو) میں شامل نہیں۔
(7) آدمی صاحب علم و فضل شخصیت کو کوئی ایسا کام کرتے دیکھے جسے وہ خلاف شرع سمجھتا ہے تو وہ استفسار کرسکتا ہے۔
(8) صاحب فضل شخص کو اچھی طرح وضاحت کرکے اس آدمی کا اشکال دور کرنا چاہیے۔