تشریح:
(1) مجبوری یا ضرورت کے پیش نظر سر منڈوانا جائز ہے لیکن مصیبت کے وقت ماتم و نوحے کے طور پر سر منڈوانے سے اگرچہ انسان دائرہ اسلام سے خارج نہیں ہوتا، لیکن قابل براءت اور لائقِ نفرت امر ضرور ہے اور یہی یہاں مقصود ہے۔ آج بھی ہمارے ہاں بعض قبائل بالخصوص کفار ہند میں اس کا رواج ہے۔ (2) واضح رہے کہ حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ کو جب غشی کا دورہ پڑا تو وہ حضرت عمر ؓ کی طرف سے بصرہ کے گورنر تھے۔ اس روایت میں عورتوں سے خطاب ہے۔ صحیح مسلم میں بصیغہ تذکیر یہ حدیث مروی ہے کہ میں ہر اس شخص سے بے زار ہوں جو مصیبت کے وقت سر منڈوائے، چلا کر روئے اور گریبان پھاڑے۔ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 288 (104)، و فتح الباري: 212/3)